سڈنی۔31جنوری(سیاست ڈاٹ کام) شاہد آفریدی ونڈے کرکٹ سے سبکدوشی کے بعد ٹوئنٹی20 کے ماہر بننے جارہے ہیں جیسا کہ انہوںنے بگ بیش لیگ کے لئے اپنی دستیابی ظاہر کردی ہے۔ وہ پہلے ہی انگلش کاونٹی نارتھ ہمپٹن شائر سے معاہدہ کرچکے ہیں۔کرکٹ آسٹریلیا نے بگ بیش لیگ کے سینئر مینیجر اینتھونی ایورڈ کے بموجب مذکورہ ٹورنمنٹ میں آفریدی کی آمد انتہائی خوش آئند ہوگی۔ آفریدی بگ بیش کا پہلا ایڈیشن کھیل چکے ہیں اور اس کے پانچویں ایڈیشن میں ان کی شمولیت کو خوش آمدید کہیں گے۔ دوسری جانب کیریبین کرکٹ لیگ کے انٹرنیشنل کرکٹ ڈائریکٹر اور آسٹریلیائی سابق آل راونڈر ٹام موڈی کے مطابق آفریدی ویسٹ انڈیز کی لیگ میں بھی معاہدہ کے خواہشمند ہیں۔