راجکوٹ۔ 4اکٹوبر(سیاست ڈاٹ کام )ہندوستانی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کے کپتان پرتھوی شا نے ویسٹ انڈیز کے خلاف اپنے پہلے ہی ٹسٹ کی پہلی اننگز میں شاندار بیٹنگ کرتے ہوئے سنچری بناڈالی۔ راجکوٹ میں ہند۔ ویسٹ انڈیز سیریز کے پہلے ٹسٹ میں 18 سال 329 دن کی عمر کے پرتھوی شا نے کے ایل راہول کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا اور ڈیبیو سنچری بنا کر سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کیا۔اوپنر پرتھوی شا نے ڈومیسٹک ٹورنمنٹ رانجی ٹرافی اور دلیپ ٹرافی کے ڈیبو میں بھی سنچری اسکور کر رکھی ہے۔ انٹرنیشنل ٹسٹ کرکٹ میں پرتھوی نے اپنی پہلی ٹیسٹ اننگز کا آغاز کافی جارحانہ انداز میں کیا اور صرف 56 گیندوں میں نصف سنچری بنائی جس کے بعد 99 گیندوں میں سنچری بھی اسکورکرلی، پرتھوی کی سنچری میں 15 چوکے شامل ہیں۔ شا نے 154 گیندوں میں 18 چوکوں کی مدد سے 134 رنز اسکور کئے۔ ساتھی اور سنئیر اوپنر کے ایل راہول کے صفر پر آوٹ ہونے کا شا پرکوئی اثر نہیں ہوا جیسا کہ انہوں نے چیٹیشورپجارا کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے 206 رنز کی ساجھیداری نبھائی۔ پجارا نے بھی تیز رفتار اور شاندار اننگز کھیلی تاہم وہ سنچری سے محض 14 رنز قبل آوٹ ہوئے۔ پجارا نے اپنی اننگز میں 130گیندوں کا سامنا کیا اور 14 چوکے لگائے۔ شا نے کپتان ویراٹ کوہلی کے ہمراہ تیسری وکٹ کیلئے صرف 26 رنز کا اضافہ کیا۔ علاوہ ازیں شاہ ڈیبو ٹسٹ میں تیز ترین سنچری بنانے والوں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر آگئے ہیں۔اس فہرست میں پہلا نمبر شکھر دھون کا ہے ، جنہوں نے 85 گیندوں میں ڈیبو سنچری بنائی تھی ، جبکہ دوسرے نمبر پر ویسٹ انڈیز کے ڈیون اسمتھ نے پہلے ٹسٹ میں 93 گیندوں میں سنچری مکمل کی تھی۔ شا نے بطور کپتان ہندوستان کی انڈر 19 کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ جتوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ ان کا ہندوستانی ٹیم میں پہنچنے کا سفر کافی مشکل بھرا رہا ہے ، ان کے والد نے اپنے بیٹے کو کرکٹر بنانے کیلئے اپنا کاروبار تک ختم کر دیا تھا۔ پرتھوی کی بیٹنگ کی ممبئی میں اتنی شہرت تھی کہ ایک مرتبہ ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر نے ان کی بیٹنگ دیکھنے کیلئے اپنے سبھی کام چھوڑ دیئے تھے۔ شا کو ان کی شاندار کارکردگی کی وجہ سے ٹیم میں جگہ ملی ہے۔ انہوں نے اب تک 14 فرسٹ کلاس میچوں میں 56.72 کی اوسط سے 1418رنز بنائے ہیں جس میں 7 سنچریاں اور 5 نصف سنچریاں شامل ہیں۔شا نے بنگلور میں جنوبی افریقہ اے کے خلاف شاندار سنچری اور حال ہی میں دورہ انگلینڈ پر بھی 3 سنچریاں بنائی ہیں۔ پہلے دن کے اختتام پر ہندوستان نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 364 رنز اسکور کرلئے ہیں اور کوہلی 4 چوکوں کی مدد سے 72 اور رشبھ بنت 17 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے جبکہ اجنکیا راہانے 41 رنز بناکر آوٹ ہوئے۔ ویسٹ انڈیز کیلئے گبریل ،لوئیس، بشو اور چیس نے فی کس ایک وکٹ لی۔