شان رسالتؐ میں گستاخی مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت

گمبھی راؤ پیٹ۔یکم جنوری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) شان رسالتؐ میں گستاخی مسلمانوں کیلئے ناقابل برداشت ہے۔ امت محمدیہ اپنی جان، اپنا مال، اپنا تن من دھن سب کچھ لٹا سکتا ہے مگر حضور اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کے الفاظ کو بھی برداشت نہیں کریگا۔ ان خیالات کا اظہار آج یہاں گمبھی راؤ پیٹ کے محلہ عثمان پورہ میں منعقدہ دوسرے عظیم الشان جلسہ میلادالنبیؐ کو مخاطب کرتے ہوئے مولانا حافظ و قاری جناب سید طالب حسین رضوی امام و خطیب جامع مسجد گجویل شریف نے کیا۔ مولانا نے اپنے خطاب کو جاری رکھتے ہوئے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نماز پنجگانہ کی پابندی کریں۔ انہوں نے کہا کہ آج نمازوں سے دوری کے نتیجہ میں ہماری مساجد ویران نظر آتی ہیں۔ مولانا نے کہا کہ حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور اسوہ حیات کو اگر ہم عملی نمونہ بنالیں تو یقینا ہماری دنیا اور آخرت والی زندگی کامیاب رہے گی۔ انہوں نے سرکار دو عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات اور اسوہ حیات کو نجات کا ذریعہ قرار دیا اور کہا کہ نماز نبی کے آنکھوں کی ٹھنڈک ہے۔ جلسہ کو مفتی حافظ محمد کریم الدین رضوی بانی دارالعلوم انوار نظامیہ خطیب و امام مسجد فردوس نے بھی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آج مسلمان دینی تعلیمات سے دور ہوت جارہا ہے اور دینی تعلیمات کو حاصل کرنے کے بجائے انگریزی تعلیم حاصل کرتے ہوئے انجینئر بننے کی چکر میں اپنی آخرت خراب کررہا ہے۔ مفتی احمد کریم الدین نے کہا کہ آج مغربی تہذیب نے مسلم معاشرے میں بگاڑ پیدا کردیا ہے، اس کے لئے انہوں نے والدین کو ذمہ دار قرار دیا اور کہا کہ اکثر والدین بچوں کو انگریزی ماحول کے لباس اور ان کے کلچر، ڈانس وغیرہ کو اپناتے ہوئے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے اس کی تعریف بھی دوسروں کے سامنے کرتے ہوئے تھوڑی بھی شرم محسوس نہیں کرتے۔ انہوں نے ملت اسلامیہ سے خواہش کی کہ وہ اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے آراستہ کریں۔ انہوں نے بچوں کو نمازوں کی تلقین کرنے کی خواہش کی۔ علماء کرام نے جلسہ کے کامیاب انعقاد پر ذمہ داران جلسہ جناب محمد شاہد علی، محمد ایوب خان کو مبارکباد دی جبکہ جلسہ کی صدارت سابق صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد جناب محمد وزیر علی نے کی۔ جلسہ میں حیدرآباد سے تشریف لائے ہوئے مشہور نعت خواں عربی ٹیوٹر جناب سید عبدالحلیم کے علاوہ حافظ و قاری محمد رفیق القادری، حافظ محمد شہباز عالم، حافظ محمد رفیق نے نعتیہ کلام پیش کیا۔ جلسہ کی کارروائی صدر انتظامی کمیٹی جامع مسجد جناب سید آصف علی سعادت نے چلائی جنہوں نے درمیان میں عشق رسولؐ سے متعلق اشعار سناکر سامعین کی خوب داد حاصل کی۔ اس موقع پر ائمہ مساجد حافظ محمد ابو کلام، حافظ محمد احمد پاشاہ، مساجد کے صدور سید غازی الدین زبیر، محمد یحییٰ اسلم کے علاوہ محمد جلیل، محمد خالد، شریف الدین، سید ولایت، محمد محبوب علی، سید نجم الدین، محمد تمہید علی، نوید علی، عبدالرؤف، سید ہاشمی، سید صادق، حافظ عرفان وغیرہ کے علاوہ اطراف و اکناف کے مواضعات کے مسلمانوں کی کثیر تعداد موجود تھی۔