حیدرآباد /29 جنوری ( سیاست نیوز ) تلنگانہ اسٹیٹ پبلک سرویس کمیشن کے امتحانات کیلئے شائع کی گئی کتاب جس میں گستاخانہ شبیہہ شائع کئے جانے پر میرچوک پولیس نے بنڈلہ پبلیکیشن کے پروپرائٹر کو گرفتار کرلیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون مسٹر وی ستیہ نارائنا نے بتایا کہ 23 جنوری کو مجلس تحفظ ختم نبور ٹرسٹ کے سکریٹری مسٹر محمد ارشد علی نے میر چوک پولیس سے ایک شکایت درج کروائی جس میں وجیتا کامپٹیشن کتاب کے چیف ایڈیٹر اور بنڈلہ پبلیکیشن کے مالک کے خلاف گستاخانہ شبیہہ شائع کرنے پر ایک درخواست درج کروائی تھی ۔ پولیس نے اس سلسلے میں شکایت درج کرتے ہوئے قانون صلاح حاصل کرنے کے بعد کتاب کے چیف ایڈیٹر بنڈلہ سائی بابو کو آج شام گرفتار کرلیا ۔ ڈی سی پی نے بتایا کہ پولیس نے اس سلسلے میں مزید کارروائی کرکے بنڈلہ پبلیکیشن کے تمام دفاتر کو مہربند کردیا ہے اور اس پرنٹر کی جانب سے شائع کی گئی کتابوں کو مختلف دکانات سے ضبط کرلئے گئے ۔