شاندار تعاقب کے بعد ایک رنز سے شکست افسوسناک: لوکیش راہول

فورٹ لاڈر ڈیل (امریکہ)۔28 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی بیٹسمین لوکیش راہول کی دھواں دھار سنچری ٹیم کو کامیابی نہیں دلا پائی لیکن ہندوستانی بیٹسمین نے آخری گیند تک جس جذبہ کے ساتھ ٹیم نے مظاہرہ کیا اسے قابل ستائش قرار دیا۔ راہول نے T-20 میں 46 گیندوں میں 12 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے 110 ناٹ آؤٹ رنز بنائے۔ اس سنسنی خیز مقابلے میں ہندوستان کو صرف ایک رنز سے شکست ہوئی۔ راہول نے کہا کہ 246 رنز کا شاندار انداز میں تعاقب کرتے ہوئے محض ایک رنز سے شکست افسوسناک پہلو ہے۔ اگر ٹیم یہ کامیابی حاصل کرلیتی تو اس قدر بڑے اسکور کے تعاقب کا عالمی ریکارڈ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ بیٹنگ کیلئے آتے ہی انہوں نے طئے کرلیا تھا کہ تیز رفتار رنز بنانے ہیں۔