بیروت ۔ 16 ۔ ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) لگ بھگ 200 جنگجو دونوں طرف سے اندرون 24 گھنٹے ہلاک ہوگئے جب القاعدہ کی شامی برانچ نے صوبہ ادلیب کے دو فوجی اڈوں پر قبضہ کرلیا، ایک مانیٹرنگ گروپ نے آج یہ بات کہی۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس جو برطانیہ سے کام کرتا ہے لیکن شام میں جہد کاروں اور طبی حکام کے وسیع نیٹ ورک سے اپنی معلومات اکھٹا کرتا ہے،اس نے کہا کہ النصریٰ فرنٹ کے حملہ آوروں نے زائد از 100 سرکاری سپاہیوں کو بھی قبضہ میں لے لیا ہے۔ آبزرویٹری کے سربراہ رامی عبدالرحمن نے کہا کہ حکومت کی جانب کم از کم 100 اور حملہ آوروں میں سے 80 جنگجو تازہ ترین جھڑپوں، بمباریوں اور سرنگ دھماکوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔ کم از کم 120 سپاہیوں کو قیدی بنالیا گیا اور دیگر تقریباً 100 جنوب کو چھوڑ کر گاڑیوں اور پیدل پڑوسی صوبہ حاما کے موریک ٹاؤن کی طرف بھاگ گئے۔