شام ۔ترکی سرحد کے نزدیک کار بم دھماکہ، 29 ہلاک

دمشق، 16 مئی (سیاست ڈاٹ کام) شام اور ترکی کے درمیان واقع سرحدی گزرگاہ باب السلامہ کے نزدیک شامی علاقے میں کار بم دھماکہ ہوا ہے جس کے نتیجے میں 29 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے ہیں۔ برطانیہ میں قائم شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کی اطلاع کے مطابق جمعرات کو یہ کار بم دھماکا ایک کار پارک میں ہوا ہے۔مرنے والوں اور زخمیوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔

شامی کارکنان نے بم دھماکے کے مہلوکین اور مجروحین کی خوفناک تصاویر آن لائن پوسٹ کی ہیں جن میں ان کے جسمانی اعضا بکھرے پڑے ہیں اور بعض لاشیں جل کر سیاہ ہوچکی ہیں۔ واضح رہے کہ اس علاقے میں پہلے بھی بم دھماکے ہو چکے ہیں۔فروری میں باب السلامہ کے نزدیک شامی علاقے میں بم دھماکے میں 6 افراد ہلاک اور 45 زخمی ہوگئے تھے۔ اس علاقے میں شام سے تعلق رکھنے والے اسلامی جہادیوں کا قبضہ ہے۔ان کی جنوری کے آغاز کے بعد سے دولت اسلامی عراق وشام (داعش) سے تعلق رکھنے والے سخت گیر جنگجوؤں سے لڑائی جاری ہے۔