شام کے چار صوبوں پر امریکی فضائی حملے

بیروت ۔ 29 ستمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) امریکی زیرقیادت اتحادی جنگی طیاروں نے شمالی اور مشرقی شام کے 4 صوبوں میں کل رات داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ۔ امریکہ اور اُس کے عرب حلیف ممالک نے انتہاپسند گروپ کے خلاف گزشتہ ہفتہ فضائی حملے شروع کئے ہیںجن میں تربیتی کیمپس ، بڑے ہتھیاروں اور تیل کی تنصیبات کے علاوہ فوجی مقامات کو نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ شام میں انسانی حقوق کے سرگرم برطانوی ادارے کے مطابق اتحادی فوج نے کل رات حلب ، رقہ ، الحسکہ اور دیر الزور صوبوں میں داعش کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا ۔ ان حملوں میں کافی نقصانات ہوئے لیکن تفصیلی اعداد و شمار دستیاب نہ ہوسکے ۔ امریکہ یا اُس کے حلیف ممالک سے ان فضائی حملوں کی فوری توثیق نہ ہوسکی ۔ آج صبح بھی فضائی حملوں کی اطلاع ہے ۔