شام کے موضوع پر اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی چوٹی کانفرنس میں ہندوستان کی شرکت

نئی دہلی 31 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان اقوام متحدہ کی زیر سرپرستی شام کے موضوع پر بین الاقوامی چوٹی کانفرنس میں شرکت کیلئے تیار ہیں جو جنیوا میں مقرر ہے اور اس میں تمام متحارب ملکی و غیر ملکی فریقین کو یکجا کیا جائے گا تا کہ بحران کی یکسوئی کی جاسکے اور شام کو مستحکم بنایا جاسکے ۔ہندوستان نے اطلاع دی ہے کہ اسے جنیوا میں مقرر دوسری چوٹی کانفرنس میں شرکت کا دعوت نامہ مل چکا ہے جو آئندہ ماہ مقرر ہے ۔ یہ اطلاع مصدقہ ہے تاہم ہندوستان اس سلسلہ میں رسمی دعوت نامہ کا منظر ہے وزارت خارجہ کے ایک ترجمان نے کہا کہ 10 لاکھ امریکی ڈالر کی تنظیم کے ٹرسٹ میں جو دی ہیگ میں کیمیائی ہتھیاروں پر امتناع کے سلسلہ میں قائم کی گئی ہے اور شام کے کیمیائی ہتھیار

اور ان سے متعلقہ کارخانوں کو تلف کرنے کی ذمہ دار ہے ، مالی امداد دینے کے علاوہ ہندوستان چوٹی کانفرنس میں بھی شرکت کرے گا ۔ہندوستان نے اپنے اس موقف کا اعادہ کیا ہے کہ شام کے تنازعہ کی یکسوئی مذاکرات کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔ روس ،چین اور ایران کی طرح ہندوستان نے بھی واضح کردیا ہے کہ وہ مغربی طاقتوں کی کسی بھی فوجی دخل اندازی کی تائید نہیں کرے گا ۔ روس اس موقف کو شام کے بارے میں اپنی پالیسی کی مزید توثیق سمجھتا ہے ۔شام میں مغربی ممالک کی مالی اور فوجی امداد کے ذریعہ بشارالاسد حکومت کے مخالف اس کے خلاف بغاوت میں مصروف ہیں تاہم ڈھائی سال کی خانہ جنگی کے باوجود انہیں کامیابی حاصل نہیں ہوئی ہے جس کے برعکس ان کے زیر اقتدار علاقہ دن بہ دن سکڑتے جارہے ہیں ۔ دوسری طرف حکومت شام کی لبنان کی حزب اللہ اور ایران کی جانب سے بھرپور تائید جاری ہے ۔