شام کی پارلیمنٹ کے قریب مارٹر حملہ سے پانچ افراد ہلاک

دمشق 21 اپریل (سیاست ڈاٹ کام)وسطی دمشق میں پارلیمنٹ کی عمارت کے قریب دو مارٹر حملے کئے گئے جن سے پانچ افراد ہلاک ہوگئے ۔ شام کے سرکاری خبرساں ادارہ ثناء کی خبر کے بموجب بالیہاں کے علاقہ میں پارلیمنٹ سے 320 فیٹ دور دو مارٹر شل ٹکرائے ۔ آج صبح کئے جانے والے اس حملے کی ذمہ داری فوری طور پر کسی بھی تنظیم نے قبول نہیں کی لیکن دمشق میں حکومت کے زیر قبضہ علاقوں پر مارٹر حملے شامی باغی کیا کرتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ شام کی حکومت حامی فوج اور اس کے زیر قبضہ علاقوں پر حملوں کا آغاز کیا جارہا ہے ۔ سرکاری فوج نے باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں کا محاصرہ کررکھا ہے اور شہریوں کو غذا ،صاف پانی اور طبی امداد سے محروم کردیا گیا ہے ۔ رہائشی علاقوں پر دیسی ساختہ بم برسائے جارہے ہیں۔ شام میں خانہ جنگی کا چوتھا سال شروع ہوچکا ہے جس کے دوران اب تک دیڑھ لاکھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور ملک کی ایک تہائی آبادی بے گھر ہوگئی ہے ۔