قاہرہ۔ 5 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عرب لیگ کے سربراہ احمد ابوالغیث نے آج ایک اہم بیان دیتے ہوئے شام کے باغیوں کے قبضہ والے ایک مستقر پر بہت کیمیائی حملوں کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے اس حملے کو ایک سفاک جرم سے تعبیر کیا جس میں 72 افراد جاں بحق ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ ممنوعہ کیمیائی ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے بے قصور اور معصوم شہریوں کو ہلاک کرنا ایک سفاکانہ اور وحشیانہ عمل ہے جو جنگی جرم کے زمرے میں آتا ہے جو بھی ان حملوں کے پس پشت کارفرما ہے، اسے بخشا نہیں جائے گا اور بین الاقوامی قوانین کے مطابق مستوجب سزا قرار دیا جائے گا۔ احمد ابوالغیث نے البتہ اپنے بیان میں کسی فرد یا تنظیم کا نام نہیں لیا۔