دمشق ، 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) شام کے شہر حمص میں 2 بم دھماکوں کے نتیجے میں 25 افراد ہلاک اور 107 دیگر زخمی ہوگئے۔ غیرملکی خبر رساں ادارہ کے مطابق شہر حمص میں دو کاروں میں دھماکہ خیز مادہ نصب کیا گیا تھا جس کے پھٹ پڑنے سے 25 افراد برسرموقع ہلاک جبکہ 107 دیگر زخمی ہو گئے۔ مہلوکین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں سے بیشتر کی حالت تشویشناک ہے۔ دھماکوں کے فوری بعد امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں
جبکہ جائے وقوعہ پر موجود لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت زخمیوں اور لاشوں کو اسپتال منتقل کیا جہاں کئی زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے تمام اسپتالوں میں ہنگامی صورتحال نافذ کردی گئی ہے۔ حکام کے مطابق دونوں بم دھماکے رہائشی علاقے میں ہوئے جہاں مختلف دفاتر بھی ہیں۔ دھماکوں کے باعث ملٹری انٹلیجنس کی عمارت کو بھی شدید نقصان پہنچا، دوسری جانب سکیورٹی فورسز علاقے کی ناکہ بندی کرکے شواہد جمع کرنے لگے ہیں۔