دمشق۔ 22؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ باغیوں نے شام کی خانہ جنگی کو اسد کے آبائی قصبہ تک پہلی بار پہنچا دیا اور ایک ہاسپٹل پر کار بم حملہ سے 4 افراد ہلاک کردیئے۔ سرکاری ٹی وی اور ایک مبصر نے کہا کہ یہ حملہ اُس وقت کیا گیا جب کہ انسانی حقوق کی شامی رصدگاہ نے اطلاع دی تھی کہ فوج نے 48 افراد کے جاریہ ہفتہ سر قلم کردیئے ہیں جن میں 10 بچے شامل تھے۔ دہشت گرد کار بم حملہ قرطبہ ہاسپٹل کے پارکنگ کے مقام پر کیا گیا جس سے 4 شہری ہلاک اور دیگر کئی زخمی ہوگئے۔ سرکاری ٹی وی کی خبر کے بموجب یہ بم حملہ باغیوں نے کیا تھا۔ بیروت سے موصولہ اطلاع کے بموجب انسانی حقوق کی نگرانکار شامی رصدگاہ کے بموجب باغیوں نے شام کے ایک دیہات میں جاریہ ہفتہ باغی جنگجوؤں کے 6 خاندانوں کا قتل عام کیا تھا جس میں 48 افراد بشمول 10 بچے ہلاک کردیئے گئے تھے۔ آج کا بم حملہ اسی کا ردعمل تھا۔