شام میں کئے گئے فضائی حملوں میں 28 شہری ہلاک

بیروت ۔ 13 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے مشرقی صوبہ دیرالزور میں دولت اسلامیہ گروپ کے چند آخری ٹھکانوں میں سے ایک پر کئے گئے فضائی حملوں میں 28 شہری ہلاک ہوگئے۔ برطانیہ کے سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بتایا کہ گذشتہ شب کئے گئے فضائی حملے میں عراقی سرحد سے قریب موضع السوسہ میں ایک آئس فیکٹری کے قریب جمع شہری زد میں آ گئے۔ اس بات کی اب تک توثیق نہیں ہوئی ہیکہ فضائی حملے عراقی طیارہ سے کئے گئے یا دولت اسلامیہ سے نبردآزما امریکی قیادت والی اتحادی فوج نے کئے۔ یاد رہیکہ مشرقی شام میں حالیہ دنوں میں عراقی طیاروں نے فضائی حملے کئے تھے جبکہ اتحادی فوج کے طیاروں نے جہادیوں سے نبردآزما کردش قیادت والے جنگجوؤں کی مدد کی تھی۔ دوسری طرف ثناء خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق کل رات دیر گئے جو فضائی حملہ ہوا اس میں 30 شہری مارے گئے جس کیلئے امریکی قیادت والی اتحادی فوج کو موردالزام ٹھہرایا گیا۔