دمشق۔30 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام)شام میں بین الاقوامی امدادی ادارے سیودی چلڈرن کے تعاون سے چلنے والے زچہ وبچہ اسپتال پر حملے میں دو افراد ہلاک جبکہ نومولود بچوں سمیت متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔امدادی ادارے کا کہنا ہے کہ بہت سے بچوں کو اس وقت چوٹ لگی جب دھماکے کے نتیجے میں انکیوبیٹر ٹوٹ کر زمین پر گر گئے۔ ایک حاملہ حاتون کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ دو دیگر خواتین کو شدید چوٹیں آئیں۔سیو دی چلڈرن کے مطابق شامی صوبے ادلیب کے اسپتال کے داخلی دروازے پر ہونے والا یہ بم حملہ فضائی کارروائی کا نتیجہ ہے۔اب تک سامنے آنے والی تصاویر میں دیکھا گیا ہے اسپتال کا حصہ تباہ ہوگیا ہے تاہم یہ معلوم نہیں کہ یہ حملہ کس نے کیا تھا۔بتایا گیا ہے کہ ہلاک ہونے والے دو افراد مریضوں کے رشتے دار تھے۔بیان کے مطابق جس وقت یہ حملہ کیا گیا اس وقت دو آپریشن جاری تھے اور ایک خاتون لیبر روم میں تھیں۔حملے کی وجہ سے اسپتال کی عمارت سمیت مشینری کو بھی نقصان پہنچا جس میں بجلی فراہم کرنے والا جینیریٹر بھی شامل ہے۔سیو دی چلڈرن کی ڈائریکٹر سونیا خوش نے اس حملے کو ’شرمناک اقدام‘ قرار دیا ہے۔