استنبول ۔ /5 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ترکی کی فوج نے شام سے متصل سرحد پر موجود کمانڈرس کا ایک اجلاس طلب کیا ہے تاکہ شام میں امکانی مداخلت کا جائزہ لیا جاسکے ۔ ترکی کے ایک اخبار کی اطلاع کے مطابق حساس سرحد پر گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران فوجی و دفاعی سرگرمیاں غیرمعمولی بڑھادی گئی ہیں ۔ ترکی کے ٹینکس اور دبابہ شکن میزائیلس کے علاوہ کافی زیادہ تعداد میں فوجیوں کو یہاں تعینات کیا گیا ہے کیونکہ اسلامی زیرقیادت گروپس اور شام کی سرکاری فوج کے مابین شمالی شہر حلب میں لڑائی کافی شدت اختیار کرچکی ہے ۔ ترکی نے یہ تاثر دیا ہے کہ سرحدی علاقہ میں اس کی فوج مداخلت کرسکتی ہے تاکہ اسلامک اسٹیٹ جہادیوں کو سرحد سے دور کیا جاسکے ۔ اس کے ساتھ ساتھ کرد فورسیس کی پیشرفت کو بھی روکا جاسکے ۔ وزیراعظم احمد دعوت گلو نے جمعرات کو شام میں فی الفور مداخلت کا امکان مسترد کردیا تھا لیکن مقامی اخبار کا یہ کہنا ہے کہ ترک کی مسلح فورسیس نے تمام کمانڈرس کو جو سرحد پر موجود ہیں ، انقرہ میں آئندہ ہفتہ فوجی ہیڈکوارٹر پر ہونے والے اجلاس میں شریک ہونے کی ہدایت دی ہے ۔