بیروت ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : شامی اپوزیشن کے زیر کنٹرول مبصر ادارہ برائے انسانی حقوق نے دعویٰ کیا کہ شام کے شمالی شہر حلب پر دھماکہ خیز مواد سے بیرل بموں کے ذریعہ نئی فضائی بمباری کا آغاز کردیا گیا ہے۔ جس کے نتیجہ میں کم سے کم 20 افراد ہلاک ہوئے ہیں ۔ تیل کی دولت سے مالا مال مشرقی علاقہ پر یہ فضائی حملے ایک ایسے وقت کئے گئے ہیں جب القاعدہ سے ملحقہ النصرہ محاذ اور اسلام پسند اتحادی باغیوں نے ایک جہادی تنظیم مملکہ اسلامیہ العراق کے خلاف نئے حملوں کا آغاز کردیا ۔ شامی مبصر ادارہ نے دعویٰ کیا کہ حلب کے پڑوس میں واقع باغیوں کے زیر کنٹرول مشرقی علاقوں پر بیرل بمباری کے الگ الگ واقعات میں بشمول دو بچے 20 افراد ہلاک ہوگئے ۔ برطانیہ میں موجود اس مبصر ادارہ نے کہا ہے کہ کئے گئے بیرل بم حملوں میں 15 دسمبر سے تاحال سینکڑوں افراد ہلاک ہوگئے ہیں ۔ بمباری کا نشانہ بننے والے علاقوں سے تاحال ہزاروں شامی محفوظ مقامات پر پناہ لینے کے لیے فرار ہوگئے ہیں ۔۔