شام میں انتہاپسندوں پر ایران کا میزائل حملہ

دمشق، یکم اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے پاسداران انقلاب نے پیر کے دن دعوی کیا کہ اس نے مشرقی شام میں ان انتہاپسندوں کو نشانہ بنا کر بیلسٹک میزائل فائر کیا ہے جو اس کے فوجی پریڈ پر حملے کے ذمہ دار تھے ۔ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ نے سرکاری ٹیلی ویژن اور خبررساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے بتایا کہ حملے میں کچھ انتہا پسندمارے گئے اور کچھ زخمی ہوئے ہیں۔ پاسداران انقلاب نے بتایا کہ اہواز میں فوجی پریڈ پر ہوئے حملے کے ذمہ دار انتہاپسندوں کو نشانہ بناکر بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔ایران کے اس دعوے کے بعد فوجی پریڈ پر حملہ کرنے والوں کے سلسلے میں شبہات میں اضافہ ہوگیا ہے ۔ ایران نے پہلے اس حملے کے لئے عرب انتہاپسندوں کو ذمہ دار قرار دیاتھا اور کہا تھاکہ فوجیوں کے لباس میں آئے انتہاپسندوںنے اندھا دھند فائرنگ کرکے 24 لوگوں کو ہلاک اور 60 سے زیادہ کو زخمی کردیا تھا۔عرب انتہاپسندوں نے بھی فوری حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی اور ایک حملہ آور کے بارے میں تفصیلی معلومات بھی فراہم کی گئی تھیں، وہیں دولت اسلامیہ نے بھی حملے کی ذمہ داری قبول کی تھی لیکن وہ اپنے دعوی میں ثبوت پیش کرنے سے قاصر رہے۔ بعد میں اس نے کچھ لوگوں کو حملہ آور بتاتے ہوئے ان کی ویڈیو فوٹیج جاری کی تھی اور ایران نے ان حملہ آوروں کی شناخت بھی کرلی تھی۔