شام میں امریکی فوج کی تعیناتی تباہ کن:فیصل المقداد

دمشق ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) شام کا کہنا ہے کہ حال ہی میں کیا گیا امریکہ کا غیر معینہ مدت تک شام میں فوج رکھنے کا فیصلہ ایک تباہ کن غلطی ہے۔شامی نائب وزیرِ خارجہ فیصل المقداد نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نئی امریکی پالیسی ایک معاندانہ فعل ہے۔ اس وقت شام میں تقریباً دو ہزار امریکی فوجی موجود ہیں۔امریکہ کا موقف ہے کہ یہ فوج نام نہاد تنظیم دولتِ اسلامیہ کی باقیات سے لڑنے کے لیے شام میں رکھی جا رہی ہے۔امریکی وزیر خارجہ ریکس ٹلرسن نے کہا تھا کہ امریکی فوج شام میں موجود رہے گی۔ وزیر خارجہ امریکہ نے کہا کہ شام سے امریکہ کے نکلنے کی صورت میں ایران میں موقع ملے گا کہ وہ شام میں اپنی پوزیشن کو مزید مستحکم کر سکے۔’ایران کی پراکسی وارز اور عوامی بیانات دیکھنے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ مشرق وسطیٰ میں غلبہ اور ہمارے اتحادی اسرائیل کی تباہی چاہتا ہے۔ وزیر خارجہ امریکہ نے اس کے ساتھ واضح کیا کہ امریکہ عراق سے نکلنے کی غلطی دوبارہ نہیں دہرائے گا۔فیصل المقداد کا کہنا تھا کہ یہ اقدام ڈونلڈ ٹرمپ کے اپنی صدارتی مہم کے دوران کئے گئے وعدوں کے خلاف ہے۔