شام میں اسکول پر بمباری، 30 بچے ہلاک

بیروت ۔ یکم اکتوبر (سیاست ڈاٹ کام) کم از کم 30 شامی بچے آج حکومتی کنٹرول والے شہر ہومس ایک اسکول میں واحد حملہ آور کی دہری بمباری کے نتیجہ میں ہلاک ہوگئے، ایک نگرانکار گروپ نے یہ بات کہی۔ سیرین آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کی طرف سے پیش کردہ نئی تعداد کے مطابق یہ بچے 39 افراد میں شامل ہیں جو پڑوسی علاقہ اکرامیہ میں پیش آئے حملہ میں ہلاک ہوئے۔ آبزرویٹری کے ڈائرکٹر رمی عبدالرحمن نے کہا کہ ہومس میں آج اکرامیہ المخضومی اسکول پر دہری بمباری میں ہلاک 39 لوگوں میں کم از کم 30 بچے شامل ہیں۔ ایک خودکش حملہ آور نے یہ دونوں بم دھماکے کئے۔ عبدالرحمن نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ حملہ آور نے اسکول کے ایک مقام پر بم لگایا اور پھر قریبی دیگر مقام پر خود کو دھماکہ سے اڑالیا۔ اس حملہ کی فوری طور پر کسی نے ذمہ داری قبول نہیں کی ہے لیکن شام میں القاعدہ کی شاخ النصریٰ فرنٹ نے کہا تھا کہ وہ وسطی شہر میں اسی نوعیت کی دوہری بمباری کے پیچھے کارفرما رہا جس سے ماہِ مئی میںکم از کم 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ گورنر ہومس طلال البرازی نے اے ایف پی سے بات چیت میں ان خطرناک حملوں کی توثیق کرتے ہوئے مہلوکین کی تعداد 31 بتائی اور کہا کہ 74 افراد زخمی ہوئے ہیں۔