دمشق ، 22 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) شامی فوج نے اردن کی سرحد کے نزدیک واقع باغیوں کے زیر قبضہ ایک جنوبی قصبہ پر فضائی حملے کئے ہیں جن کے نتیجے میں آٹھ افراد مارے گئے ہیں۔ حکومت مخالف کارکنان پر مشتمل مقامی رابطہ کمیٹیوں اور شامی آبزرویٹری برائے انسانی حقوق کے مطابق اسدی فوج کے طیاروں نے شام اور اردن کی سرحد پر واقع قصبہ نصیب پر کنستر بم گرائے جن کے نتیجے میں متعدد عمارتیں تباہ ہوگئی ہیں۔ اس بمباری کے مہلوکین کی تعداد میں اضافے کا اندیشہ ہے کیونکہ کئی افراد ابھی ملبے تلے دبے ہوئے ہِیں اور انھیں نکالنے کا کام جاری تھا۔ شامی فوج نے ملک کے مختلف علاقوں میں باغیوں اور اسلامی جنگجو گروپوں کے ٹھکانوں پر حالیہ ہفتوں کے دوران تباہ کن بمباری کی ہے جبکہ امریکہ اور اس کے اتحادی ممالک کے جنگی طیارے شام کے جنوب مشرقی اور شمالی علاقوں میں داعش کے ٹھکانوں پر تباہ کن فضائی حملے کررہے ہیں۔وہ ان حملوں کے ذریعے داعش کے جنگجوؤں کی پیش قدمی روکنے میں تو کسی حد تک کامیاب رہے ہیں لیکن ان کی مدد سے مقامی سکیورٹی فورسز داعش کے زیرقبضہ علاقوں کو واپس لینے میں ناکام رہی ہیں۔