بیروت/ دمشق ۔26جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) شام کی حکومت حامی افواج نے باغیوں کے زیر قبضہ دفاعی اہمیت کے قصبہ پر جو اردن کی سرحد سے متصل ہے کئی ہفتوں کی جنگ کے بعد اپنا قبضہ بحال کرلیا ۔ شامی رصدگاہ برائے انسانی حقوق کی خبر کے بموجب حکومت کے فوجیوں اور ان سے ملحق نیم فوجی جنگجوؤں بشمول حزب اللہ کے سپاہیوں نے روسی اور شامی حکومت کے فضائی حملوں کی مدد سے قصبہ شیخ مسکین پر حکومت کا قبضہ بحال کرلیا ہے ۔ دمشق سے موصولہ اطلاع کے بموجب کم از کم 22 افراد ایک دہرے خودکش بم دھماکہ میں ہلاک ہوگئے جو شام کے شہر حمص کی فوجی چوکی پر کئے گئے تھے ۔ طلال برازی صوبائی گورنر نے کہا کہ پہلے خودکش بم بردار نے ایک دھماکو مادوں سے لدی ہوئی کار فوجی چوکی سے ٹکرا دی جس سے دھماکہ کے ساتھ کار شعلہ پوش ہوگئی جب کہ چند لمحوں بعد دوسرے خودکش بم بردار نے ایک اور دھماکہ کیا ۔