شام اور عراق میں دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کریں گے: اردغان

انقرہ ۔ 4 نومبر۔(سیاست ڈاٹ کام) ترکی کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا کہ شام اور عراق میں قائم دہشت گردوں کے تمام ٹھکانے تباہ کیے جائیں گے۔ ’العربیہ ‘ کے مطابق مغربی ترکی کی منیسا ریاست میں ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر ایک تقریب سے خطاب میں صدر اردغان نے کہا کہ ترکی کی مسلح افواج شام اور عراق میں موجود دہشت گردوں کے تمام ٹھکانوں کو تباہ کرے گی۔خبر رساں ایجنسی ’اناطولیہ‘ کے مطابق صدر اردغان نے کہا کہ شام اور عراق کے کئی علاقے دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہیں ہیں۔ ترکی کو دہشت گردوں کے حملوں سے لاحق خطرات کے تدارک کیلئے ضروری ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانے تباہ کیے جائیں۔ دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کیلئے ہمیں کسی سے اجازت لینے کی ضرورت نہیں۔ گذشتہ چہارشنبہ کو ترکی میں دہشت گردوں کے حملوں پر بات کرتے ہوئے صدر اردغان نے کہا کہ بزدل دہشت گردوں کے حملوں میں دو روز میں ہمارے نو سکیورٹی اہلکار مارے گئے جبکہ فورسز نے جوابی کارروائی کر کے 55 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ ہمارے ڈرون طیارے اور لڑاکا جہاز دہشت گردوں کا تعاقب کررہے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم اپنے شہداء کا خون رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، آنے والے دنوں میں دہشت گردوں کے خلاف زیادہ طاقت کے ساتھ آپریشن کیا جائے گا جو دہشت گردوں کے مکمل صفایا تک جاری رہے گا۔جمعہ کے روز ترک فوج کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ فورسز نے کردستان ورکرز پارٹی کے 66 ارکان کو ہلاک کیا ہے۔ ترکی ’پی کے کے‘ کو دہشت گرد تنظیم قرار دیتا ہے۔