دمشق ۔ 4 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) شام نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں ماہ کے دوران کیمیائی ہتھیاروں کا ایک بھاری ذخیرہ روانہ کردے گا جبکہ ماہ مارچ میں تمام کیمیائی ہتھیار تلفی کیلئے لزاکیہ کے ساحل پر منتقل کت دیئے جائیں گے۔ یہ بات روسی نائب وزیر خارجہ گنادی گاتیکوف نے بتائی ہے۔ روسی نائب وزیر خارجہ کے مطابق شام نے اس امر کا اعلان ایک روز پہلے کیا ہے۔ اس اعلان کے مطابق کیمیائی ہتھیاروں کا بڑا حصہ ماہ فروری میں ساحل پر ہو گا اس مقصد کیلئے شام یکم مارچ تک سارا کام مکمل کرنے کو تیار ہے۔ شامی ہتھیاروں کی تلفی سے متعلق ابتدائی معاہدہ پچھلے سال ستمبر میں امریکہ اور روس کے درمیان طے پایا تھا۔ جبکہ اس معاہدے کو عملی شکل دیتے ہوئے اقوام متحدہ اور ناٹو فورسز کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کیلئے اپنی تیاری مکمل کر چکی ہیں۔ اس بارے میں ناٹو جنرل کا کہنا ہے بین الاقوامی برادری، ناٹو اراکین اور امریکہ کیمیائی ہتھیاروں کی تلفی کیلئے تیار ہیں۔انہوں نے کہا ہم اس ایشو سے نمٹنے کیلئے ضروری تیاری کئے ہوئے ہیں۔ اس لئے ہم شام کی طرف سے طے شدہ منصوبہ کے مطابق اور بروقت کیمیائی ہتھیاروں کیلئے فراہم کرنے حوصلہ افزائی کریں گے، تاکہ ہم ٹاسک مکمل کر سکیں۔