شامی فوج کی اسکول پر بمباری ،37 بچے جاں بحق

دمشق ۔ 6 نومبر۔ (سیاست ڈاٹ کام) شام میں صدر بشار الاسد کی وفادار فوج نے دمشق کے نواحی علاقے القلمون میں ایک اسکول پر ھاون راکٹوں سے حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں کم سے کم 37 کم سن بچے جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہوئے ہیں۔العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق انسانی حقوق کے کارکنوں کا کہنا ہے کہ شامی فوج کی جانب سے اسکول پر اس وقت راکٹ داغے گئے جب وہاں تعلیمی سرگرمیاں جاری تھیں۔لندن میں قائم شامی آبزرویٹری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چہارشنبہ کے روز شامی فوج کی گولہ باری سے القلمون قصبے میں کم سے کم 37 بچے مارے گئے۔ انسانی حقوق گروپ کے ڈائریکٹر رامی عبدالرحمان نے بتایا کہ ان کے پاس شامی فوج کی گولہ باری سے اسکول کے 37 بچوں کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں۔ یہ اسکول دمشق کے شمال مشرق میں واقع باغیوں کے زیر کنٹرول القلمون میں تھا۔دریں اثنا شام میں جنرل انقلاب کونسل نے میڈیا کو جاری ایک ای میل میں بتایا ہے کہ دمشق کے مضافات میں ایک دوسری القابون کالونی میں سرکاری فوج نے نہتے شہریوں کا بدترین قتل عام کیا ہے۔ ای میل کے مطابق یہ کالونی شامی فوج اور باغیوں کے درمیان تقسیم ہے اور دونوں کے درمیان پوری کالونی پر قبضے کیلئے لڑائی جاری ہے۔