عمان۔ 21 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام) اسرائیل سے متصل جنوبی شام کے علاقہ وادیٔ گولان میں شامی فوج کے آخری مرکز پر القاعدہ کی ذیلی تنظیم النصرہ فرنٹ اور دیگر گروپوں نے ایک بڑا حملہ کیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جمعرات کی شب النصرہ فرنٹ اور اس کے مقرب جنگجو گروپوں نے وادی گولان کے البعث شہر میں شامی فوج کے مرکز پر یلغار کی اور دیر تک اس کا محاصرہ کئے رکھا۔ اسرائیلی سرحد سے چند سو میٹر دور اسدی فوج کا یہ مرکز اس علاقے میں آخری اہم ترین پوسٹ ہے۔ یہ حملہ شامی عسکریت پسندوں کی اس تازہ مہم جوئی کا حصہ ہے جس میں اس سے قبل وہ القنیطرہ گورنری سے اسدی فوج کو نکال کر مکمل قبضہ کر چکے ہیں۔