دبئی، 17 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) شام کے شہر حماہ میں باغیوں کی نمائندہ جیش الحر کے حملے میں سرکاری فوج اور لبنانی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے 40 جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ باغیوں نے حزب اللہ کے تین اہم کمانڈروں کو حراست میں بھی لیا ہے۔ دوسری جانب القلمون شہر میں باغیوں، سرکاری فوج، حزب اللہ اور النصرہ فرنٹ کے مابین گھمسان کی جنگ کی اطلاعات ہیں۔ حماہ میڈیا سینٹر کی جانب سے جاری ایک بیان میں بتایا گیا ہے کہ مورک اور طیبہ چیک پوسٹوں پر سرکاری فوج اور اسد نواز حزب اللہ کے ٹھکانوں پر جیش الحر نے تابڑ توڑ حملے کیے جس کے نتیجے میں انہیں بھاری جانی نقصان پہنچایا گیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق شہر کے ایک طرف حزب اللہ اور
القاعدہ نواز النصرہ فرنٹ جبکہ دوسری جانب جیش الحر اور شامی فوج کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ حزب اللہ کو شامی فضائیہ کی بھی بھرپور مدد حاصل ہے تاہم النصرہ نے مخالف جنگجوؤں کو زمینی پیش قدمی سے روک رکھا ہے۔ حزب اللہ کے ذرائع کے مطابق اس نے لبنانی سرحد سے متصل القلمون میں جرود عرسال کے مقام پر باغیوں کیاہم ٹھکانے پر قبضہ کر لیا ہے۔ باغیوں کا کہنا ہے کہ انہوں نے القلمون میں حزب اللہ کو بھاری جانی نقصان پہنچانے کے بعد کئی اہم چیک پوسٹوں اور قصبوں پر دوبارہ قضہ حاصل کر لیا ہے۔ باغیوں نے بتایا کہ القلمون میں حزب اللہ کا ایک اہم فیلڈ کمانڈر سمیت کئی جنگجو ہلاک ہو گئے ہیں۔ العربیہ ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق حزب اللہ نے القلمون میں لڑائی کے دوران اپنے دو اہم کمانڈروں کے لاپتا ہونے کا اعتراف کیا ہے۔