شامی عبوری حکومت میں بشارالاسد کے رول کی مخالفت

ریاض ۔ 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کی کابینہ نے آج اپنی مملکت کے اس موقت کا اعادہ کیا کہ شام میں قائم کی جانے والی کسی بھی عبوری میں موجود صدر بشارالاسد اور ان کی حکومت کا کوئی رول نہیں ہونا چاہئے۔ سعودی کابینہ میں مصر میں دہشت گرد بمباری (اسلام پسندوں کے بم حملوں) کی بھی سخت مذمت کی۔ ولیعہد سلمان بن عبدالعزیز نے جو نائب وزیراعظم، وزیردفاع بھی ہیں، کابینی اجلاس کی صدارت کی۔ کابینہ نے کہا کہ جنیوا II امن کانفرنس کو چاہئے کہ وہ شام میں عبوری حکومت کے قیام کی راہ ہموار کرنے اور اس حکومت کو کسی بیرونی دباؤ کے بغیر کام کرنے کا موقع دیا جائے۔ سعودی کابینہ نے کہا کہ مصر میں دہشت گردوں کی بمباری میں سینکڑوں بے قصور افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ اس قسم کی بمباری کا مقصد ملک میں امن و استحکام کو درہم برہم کرنا ہے۔ سعودی کابینہ نے توقع ظاہر کی کہ مصر کے عوام اور حکومت اس قسم کی مجرمانہ حرکات کو روکنے کی اہلیت رکھتے ہیں جن (حرکات) کا کسی بھی صورت میں اسلام سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

شارجہ میں ایک ہندوستانی تعمیراتی مزدور فوت
دوبئی 28 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) متحدہ عرب امارات کے شہر شارجہ میں ایک زیرتعمیر عمارت کی آٹھویں منزل سے گرنے والا ایک 24 سالہ ہندوستانی تعمیراتی ورکر فوت ہوگیا۔ یہ واقعہ اتوار کو پیش آیا جب وہ شارجہ کے الممزار علاقہ میں اِس عمارت میں کام کررہا تھاجہاں انجینئروں ن پولیس کو اِس حادثہ کی اطلاع دی جس کی تحقیقات جاری ہیں۔ متوفی کی شناخت نہیں ہوسکی ہے جس کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہاسپٹل منتقل کردیا گیاہے۔