شامی بحران پر عرب لیگ کا اجلاس منسوخ

سعودی عرب نے شام کی صورت حال پر غور کے لیے عرب لیگ کے وزرائے خارجہ کا آئندہ پیر کو مقرر اجلاس منسوخ کردیا ہے۔عرب لیگ کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل احمد بن حلی نے جمعہ کو ایک بیان میں بتایا ہے کہ سعودی عرب نے آئندہ پیر کو الریاض میں ہونے والا وزارتی اجلاس غیر معینہ مدت کے لیے منسوخ کرنے کو کہا ہے۔واضح رہے کہ سعودی عرب کی درخواست پر ہی عرب وزرائے خارجہ کا یہ ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا تھا اور اس میں شامی بحران سے نمٹنے کے لیے اقدامات پر غور کیا جانا تھا لیکن اب اس کو غیر معینہ مدت کے لیے ملتوی کردیا گیا ہے

اور اس کے انعقاد کی کسی نئی تاریخ کا بھی اعلان نہیں کیا گیا۔شامی صدر بشارالاسد کے مخالف مغربی اور خلیجی ممالک پر مشتمل دوستان شام گروپ کا اجلاس 15 مئی کو لندن میں ہوگا۔توقع ہے کہ اس اجلاس میں شامی فوج کے خلاف برسرپیکار باغی جنگجوؤں کی مالی امداد اور اسلحہ کی فراہمی میں اضافے پر غور کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ اس وقت شامی بحران کے پْرامن حل کے لیے عالمی سفارتی محاذ پر متعلقہ فریقوں کے درمیان کوئی بات چیت نہیں ہورہی ہے۔عرب لیگ اور اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے شام الاخضر الابراہیمی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اپنی گذشتہ بات چیت میں دمشق حکومت پر مذاکرات کی بحالی میں رکاوٹیں ڈالنے کا الزام عاید کیا تھا۔