شامی باغیوں کا حلب میں القاعدہ اڈہ پر قبضہ

بیروت ۔ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) شامی باغیوں نے آج شمالی شہر حلب میں ایک ہاسپٹل پر کنٹرول حاصل کرلیا جسے اس علاقہ میں ان کے القاعدہ حریف اپنے اڈہ کے طور پر استعمال کررہے تھے، جہدکاروں نے یہ بات کہی۔ برطانیہ نشین شامی ادارہ برائے انسانی حقوق نے کہا کہ اس ہاسپٹل پر قبضہ باغیوں کیلئے کامیابی ہے جو ایک روز قبل ہی شمالی شہر درکوش میں القاعدہ کے خودکش کار بم دھماکہ میں اپنے 20 جنگجوؤں سے محروم ہوگئے تھے۔ اس تبدیلی سے باغیوں میں داخلی لڑائی کی شدت کا بھی اندازہ ہوتا ہے جو شامی باغیوں اور کبھی ان کے حلیف رہنے والے جنگجوؤں کے درمیان کئی دنوں سے ہورہی ہے۔

نیز حلب میں شامی ادارہ نے کہا کہ کل رات باغیوں کے زیرقبضہ دو نیم مضافاتی علاقوں میں سلسلہ وار حکومتی فضائی حملوں کے نتیجہ میں 19 افراد ہلاک ہوگئے۔ مزید کوئی تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں۔ دمشق کی حکومت نے بھی ان بمباریوں کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔ صدر بشارالاسد کے دستوں کے خلاف شام میں لڑنے والے دو بڑے باغی کیمپوں میں گذشتہ جمعہ سے ایک دوسرے کے خلاف بندوقیں تان رکھی ہیں۔ ان کے درمیان جھڑپیں مارچ 2011ء میں اسد کے خلاف شروع ہونے والی بغاوت کے بعد سے نہایت سنگین نوعیت کی باغیانہ داخلی لڑائی بن چکی ہیں۔