شامی المزہ فوجی اڈہ پر اسرائیلی حملے کی تردید

دمشق، 3 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) شام نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ دمشق کے قریب المزہ فوجی ہوائی اڈے پر اتوار کو ہونے والا دھماکہ اسرائیلی ہوائی حملہ تھا۔فوجی ذرائع نے خبررساں ایجنسی ثناء کو بتایا کہ المزہ ہوائی اڈے پر ہونے والا زوردار دھماکہ’وار ڈمپ’ میں بجلی کی خرابی کی وجہ سے ہوا تھا۔ یہ اسرائیلی فضائی حملہ نہیں تھا۔خیال رہے اس ہوائی اڈہ پر شامی فضائیہ کے خفیہ محکمہ کا ٹھکانہ بھی ہے ۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ سال اسرائیل نے شام کے المزہ ہوائی اڈے کو نشانہ بنا کر ہوائی حملہ کیا تھا۔شام میں جنگ پر نگرانی رکھنے والے برطانیہ کی شامی آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کے سربراہ رامی عبد الرحمن نے خبررساں اے ایف پی کو بتایا کہ اسرائیل نے شامی فوج کے المزہ ہوائی اڈے پر ممکنہ میزائل حملہ کیاہے ۔پہلے ملنے والی خبروں میں شامی حکومت کی حمایت کرنے والے علاقائی اتحاد کے ایک افسر نے بتایا تھا کہ یہ دھماکے گولان کی پہاڑیوں سے اسرائیلی میزائل کے حملے کی وجہ سے ہوا تھالیکن بعد میں شامی فوج نے ان کے اس دعوے کو مسترد کر دیا۔گزشتہ مئی میں اسرائیل نے شام میں ایرانی فوجی ٹھکانے پر حملہ کیا تھا، جس کے نتیجے میں ایران نے بھی اسرائیل کے قبضہ والے علاقے پر راکٹ حملہ کیا تھا۔گزشتہ سال شامی میڈیا نے اسرائیل پر المزہ ہوائی اڈے پر حملہ کرنے کا الزام لگایا تھا۔