مظفرنگر ، 12 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) اتر پردیش کے ضلع شاملی میں واقع ایک موضع رامدہ کے ایک مخصوص امیدوار کو ووٹ دینے کی پاداش میں عوام کے گروپ نے ایک مکان پر اندھادھند فائرنگ کردی جس سے اس خاندان کے 11 ارکان شدید زخمی ہوگئے۔ زخمیوں میں بچہ بھی شامل ہے۔ ایڈیشنل ایس پی وی کے مشرا نے میڈیا سے کہا کہ یہ واقعہ کل پیش آیا۔ کیرنیا پولیس اسٹیشن حدود میں فائرنگ واقعہ کے بعد پولیس نے بتایا کہ مسلم خاندان پر حملے سے 11 افراد زخمی ہوئے جن کی مبارک، فرقان، اسحاق، غفران،
ارشاد، شاکر، عارف، منتظر، مہتاب، شمشاد اور 10 سالہ ندیم کی حیثیت سے ہوئی۔ انھیں دواخانہ میں شریک کیا گیا ہے۔ اس علاقہ میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔ موضع میں پولیس پکٹس بھی تعینات کئے گئے ہیں۔ مظفرنگر اور پڑوسی اضلاع جیسے شاملی میں گزشتہ سال ستمبر میں فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے۔ حکمراں سماج وادی پارٹی کے طرز عمل پر بھی ہر گوشہ سے تنقید کی جارہی ہے کیوں کہ ان متاثرین کی اب تک بازآبادکاری نہیں ہوئی ہے اور یہ جاری انتخابات میں اہم موضوع ہے۔