حیدرآباد 22 اگسٹ (سیاست نیوز) پنجہ گٹہ پولیس نے توجہ ہٹاکر سرقہ کی وارداتیں انجام دینے والے ایک شاطر سارق کو گرفتار کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ویسٹ زون مسٹر وینکٹیشور راؤ نے بتایا کہ 32 سالہ ریاض احمد عرف محمد یحیٰی عرف حسن جو پیشہ سے پروڈکشن منیجر اور نئی دہلی کا متوطن ہے۔ ریاض احمد سوشیل نیٹ ورکنگ ویب سائٹس کے ذریعہ ہم جنس پرستوں سے رابطہ کرتے ہوئے اُن سے دوستی کیا کرتا تھا اور بعدازاں اُن سے ملاقات کے لئے مکان پہونچ جاتا۔ ریاض احمد ملاقات کے دوران کول ڈرنک میں خواب آور گولیاں ملادیتا اور بعدازاں اُن کی گہری نیند کا فائدہ اٹھاکر مکان میں موجود قیمتی اشیاء کا سرقہ کرکے وہاں سے فرار ہوجاتا۔ ریاض احمد نے علاقہ پنجہ گٹہ، گچی باؤلی، جواہر نگر اور نریڈمیٹ علاقوں میں وارداتیں انجام دی تھیں۔ پولیس نے گرفتار سارق کے قبضہ سے 10 تولے طلائی زیورات اور ایک لیاپ ٹاپ جس کی مالیت تین لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے کو برآمد کرلیا۔