شاطر دھوکہ باز گرفتار

حیدرآباد۔/24مارچ، ( سیاست نیوز) سنٹرل کرائم اسٹیشن کی مارکٹنگ انٹلیجنس ٹیکنیکل ٹیم نے آج ایک شاطر دھوکہ باز کو گرفتار کرلیا جو مشہور موبائیل فون کمپنیز کے ٹاورس نصب کئے جانے پر منافع کا جھانسہ دے کر ٹھگ رہا تھا۔ انسپکٹر سائبر کرائم مسٹر جی شنکر راجو نے بتایا کہ 32سالہ راہول کمار مشرا ساکن موتی نگر حیدرآباد نے بہار اور دیگر ریاستوں سے تعلق رکھنے والے مقامی عوام کو ان کے موبائیل فون پر ربط پیدا کرتے ہوئے خود کو مشہور موبائیل فون کمپنی کا ذمہ دار بتاتے ہوئے ان کی اراضی اور عمارتوں پر سیل فون ٹاورس نصب کئے جانے پر بھاری منافع کا وعدہ کرتا تھا۔ کئی افراد نے سیکوریٹی ڈپازٹ کے نام پر کلیان نگر بورا بنڈہ برانچ کے انڈین اوورسیز بینک میں رقم جمع کروائی۔ فرضی بینک کھاتہ میں جمع شدہ رقم کو حاصل کرنے کے بعد وہ اپنا موبائیل بند کرکے غائب ہوجایا کرتا۔ اس سلسلہ میں کئی افراد نے سائبر کرائم پولیس میں ایک شکایت درج کرائی جس پر ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کی گئی تھی جس میں راہول کمار مشرا کو آج گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس نے اس کے قبضہ سے دو موبائیل فون، انڈین اوورسیز بینک کی پاس بک اور غیر رجسٹرڈ موٹر سیکل بھی برآمد کرلی۔