شاطرخاتون نے دو جیولری شورومس میں نقلی سونا رکھ کرا صلی طلائی زیورات کا سرقہ کرلیا

حیدرآباد ۔ 3 اکٹوبر (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ پنجہ گٹہ میں پیش آئے سرقہ کی انوکھی واردات میں ایک شاطر خاتون نے دو جیولری شوروم سے نقلی سونا رکھ کر اصلی طلائی زیورات جس کی مالیت 8 لاکھ روپئے ہے، کا سرقہ کرلیا۔ پولیس پنجہ گٹہ کے بموجب ایک نقاب پوش خاتون للیتا جیولرس اور مالابار جیولرس میں گاہک کے بھیس میں داخل ہوکر رولڈ گولڈ (نقلی) سونے کی چوڑیاں اور طلائی چین رکھ کر طلائی زیورات کا شاطرانہ انداز میں سرقہ کرکے فرار ہوگئی۔ مذکورہ جیولری شورومس کے ملازمین نے دھوکہ دہی کا شکار ہونے کا پتہ لگنے کے بعد پولیس پنجہ گٹہ میں ایک شکایت درج کروائی جس پر پولیس فوری حرکت میں آ کر سراغ رسانی دستہ (کلوز ٹیم) موقع واردات پر پہنچ گئی اور وہاں سے بعض شواہد بشمول انگلیوں کے نشانات حاصل کئے۔ پولیس پنجہ گٹہ نے بتایا کہ دھوکہ باز خاتون نے جیولری شوروم کے ملازمین کو باتوں میں الجھا کر سرقہ کیا ہے اور مسروقہ جیولری کی قیمت 8 لاکھ روپئے بتائی جاتی ہے۔ سی سی ٹی وی ریکارڈنگ کی بنیاد پر پولیس نے ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کیا ہے۔