شاستری اور فلچر ورلڈ کپ تک ٹیم کے ساتھ رہیں

نئی دہلی ۔ 9 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ٹسٹ کھلاڑی وی وی ایس لکشمن سمجھتے ہیں کہ کوچ ڈنکن فلچر اور ٹیم کے ڈائرکٹر روی شاستری کو ورلڈ کپ 2015ء تک ہندوستانی ٹیم کے ساتھ رہنا چاہئے۔ دورہ انگلینڈ پر ٹسٹ سیریز میں میزبان ٹیم کے خلاف 1-3 کی شکست کے بعد بی سی سی آئی نے ٹیم کے معاون عملہ میں بڑی تبدیلیاں کرتے ہوئے سابق فاسٹ بولر بھرت ارون اور سابق آل راونڈر سنجے بنگر کے ہمراہ آر سریدھر کو نئی ذمہ داریاں دی تھی اور ساتھ ہی روی شاستری کو ٹیم کا ڈائرکٹر بنایا تھا جس کے بعد ہندوستانی ٹیم نے ونڈے سیریز میں 3-1 کی کامیابی حاصل کی ہے۔ دریں اثناء لکشمن نے روی شاستری کے ساتھ ماضی کے تجربات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ 2007ء میں دورہ بنگلہ دیش کے موقع پر روی شاستری کے ساتھ وقت گذارا ہے اور انہوں نے روی شاستری کو ایک مثبت شخصیت کے طور پر دیکھا ہے۔ نیز انہیں کرکٹ کی غیرمعمولی معلومات حاصل ہیں۔ لکشمن کے بموجب بھرت ارون اور آر سریدھر کو بھی اعلیٰ سطح پر کوچنگ کی خدمات کا موقع ملا ہے کیونکہ انڈیا اے اور انڈر19 سطح پر انہوں نے بہتر نتائج فراہم کرنے کے علاوہ کنگس الیون پنجاب کے ساتھ بھی بہتر نتائج فراہم کئے ہیں۔ انگلینڈ کے دورہ پر روہت شرما زخمی ہوکر واپس ہونے کے بعد ان کے مقام پر اجنکیا راہنے کو اننگز کے آغاز کا موقع دیا گیا جو کامیاب بھی رہے لیکن لکشمن کی نظرمیں روہت شرما ہی اننگز کے آغاز کیلئے موزوں کھلاڑی ہیں اور صحتیاب ہونے کے بعد ان ہی سے اننگز کا آغاز کروانا چاہئے۔