نئی دہلی ، 30 جون (سیاست ڈاٹ کام) چیئرمین آئی پی ایل راجیو شکلا نے سابق کپتانوں روی شاستری اور سوروگنگولی کے درمیان صلح کرانے کی کوشش میں کہا ہے کہ دونوں سابق کرکٹرز کو بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔ شاستری اور گنگولی کے درمیان لفظی جنگ پر راجیو شکلا معاملہ رفع دفع کرانے میدان میں آگئے۔ انھوں نے معاملہ ٹھنڈا کرنے کیلئے سوشل میڈیا کا سہارا لیا اور ٹویٹ کیا کہ دونوں سابق کرکٹرز کو بیان بازی سے گریز کرنا چاہئے۔ انھوں نے ساتھ ہی ساتھ شاستری و گنگولی کی انڈین کرکٹ کیلئے خدمات کو سراہا۔ کرکٹ اڈوائزری پیانل سے غیرحاضری پر شاستری نے گنگولی پرتنقید کی تھی جس پر گنگولی نے جواباً کہا کہ شاستری ’احمقوں کی دنیا‘ میں رہتے ہیں۔ انڈیا کوچ کے انتخاب میں اڈوائزری پیانل نے شاستری کے مقابل انیل کمبلے کی حمایت کی تھی۔