کولکتہ ۔ 10 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سی بی آئی کی خصوصی کرائم برانچ نے کروڑہا روپئے کے شاردا پوٹری اسکام معاملہ میں ترنمول کانگریس کے ایک اور ایم پی سرنجوائے بوس سے پوچھ گچھ کی۔ دریں اثناء سی بی آئی ذرائع نے بتایا کہ مسٹر بوس کو کل ہی سمن روانہ کیا گیا تھا جو بنگالی زبان کے روزنامہ ’’پرتی دن‘‘ کے مالک ہیں۔ ایک زمانہ میں انہوں نے ترنمول کے معطل شدہ راجیہ سبھا رکن کنال گھوش کو اپنے یہاں ملازمت بھی دی تھی جو اس وقت شاردا اسکام میں ملوث ہونے کی وجہ سے جیل کی ہوا کھا رہے ہیں۔ کنال گھوش ’’پرتی دن‘‘ میں ایڈیٹر کے فرائض انجام دیا کرتے تھے ۔ دوسری طرف مغربی بنگال کے سابق ڈی جی پی رجت مجمدار جنہیں کل سی بی آئی نے گرفتار کیا تھا کیونکہ شاردا اسکام میں ان کا بھی مبینہ رول تھا لیکن آج انہوں نے جب سینے میں تکلیف کی شکایت کی تو انہیں ہاسپٹل میں شریک کیا گیا جہاں ان کے مختلف ٹسٹ کئے جارہے ہیں ۔