اسٹٹگارٹ۔26 اپریل (سیاست ڈاٹ کام )سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپووا اسٹٹگارٹ اوپن کے پہلے ہی راونڈ میں15سالہ کیرولین گارشیا کے خلاف شکست کے بعد ٹورنمنٹ سے باہر ہو گئیں تاہم انہوں نے کہا ہے کہ وہ سبکدوش نہیں ہو رہیں اور ایک مرتبہ پھر گرانڈ سلام خطاب جیتنا چاہتی ہیں۔5مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپیئن شاراپووا نے آخری مرتبہ 2014ء میں فرنچ اوپن جیتا تھا تاہم اس کے بعد ان کے لئے کسی اور گرانڈ سلام کا حصول ممکن نہیں ہوسکا۔ڈوپنگ میں15ماہ کی پابندی کے بعد گزشتہ سال اپریل میں واپسی کے باوجود وہ کوئی نمایاں کامیابی حاصل نہ کرسکیں اور صرف ایک چھوٹا خطاب تیاجن اوپن ہی جیت پائیں۔ اس صورتحال کے باوجود ان کے حوصلے بلند ہیں اور انہوں نے کہا پھر کہا کہ نچلے رینک اور چھوٹے خطابات پر اکتفا نہیں کرنا چاہتیں نہ ہی ابھی سبکدوشی کا کوئی ارادہ ہے۔ شارا پووا نے کہا میں نے ابھی اپنے لئے کوئی ٹائم ٹیبل نہیں بنایا لیکن میں اپنی شرائط پر کھیل سے دستبردار ہونا چاہتی ہوں۔ 31 سالہ شاراپووا خود سے نصف عمر کی کیرولین سے شکست کے بعد ٹینس درجہ بندی کی ابتدائی50کھلاڑیوں میں شامل نہیں رہیں گی اور اب انہیں کسی بڑی کامیابی کیلئے غیر معمولی کارکردگی دکھانی ہوگی۔