روم ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام)پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپین ماریا شارا پووا کو ماہ مئی میں منعقد شدنی اٹالین اوپن میں شرکت کیلئے راست داخلے کی اجازت دے دی گئی ہے۔ ممنوعہ ادویات کے استعمال کی وجہ سے پابندی کی شکار شارا پووا کو 15 ماہ کی پابندی کے بعد اپریل میں ٹینس میں واپسی کی اجازت دے دی گئی ہے اور وہ اسٹوڈ گرٹ سے واپسی کررہی ہیں۔ اٹالین اوپن کے منتظمین نے تصدیق کردی ہے کہ 6 تا 13 مئی منعقد شدنی ٹورنمنٹ میں سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹار ایکشن میں نظر آئیں گی۔
آفریدی آخری مقابلہ پاکستان میں کھیلنے کے خواہاں
کراچی ۔ یکم مارچ (سیاست ڈاٹ کام )پاکستان کے صف اول کے آل راؤنڈر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے کیریئر کا آخری میچ لاہور میں کھیلنے کی خواہش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا وداعی میچ اپنے وطن میں اپنے عوام اور پرستاروں کے سامنے کھیلنا چاہتے ہیں اور بھرپور کوشش کریں گے کہ اس موقع کو یادگار بنایا جائے لیکن اس خواہش کا انحصار انکی ٹیم کی فائنل میں رسائی پر ہے۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل میں پشاور زلمی کی نمائندگی کرنے والے شاہد آفریدی نے متحدہ عرب امارات میں جاری پی ایس ایل 2 کے دوران کرکٹ سے سبکدوشی کا اعلان کیا ہے حالانکہ ان کی وداعی میچ کیلئے پی سی بی سے بات چیت کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکی۔