سان فرانسسکو 3 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) پانچ مرتبہ گرانڈ سلام چمپئن ماریا شارا پوا رواں ڈبلیو ٹی اے بنکاک ویسٹ کلاسک میں اپنے دوسرے مرحلہ کے مقابلے سے عین قبل دستبردار ہوگئی ہیں۔ ٹورنمنٹ کے عہدیداروں نے یہ اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مایوسی کے ساتھ یہ اعلان کرنا پڑرہا ہے کہ ماریا شاراپوا ڈاکٹروں کے مشورے کے بعد بائیں ہاتھ میں تکلیف کے باعث ٹورنمنٹ سے دستبردار ہورہی ہیں۔ شاراپوا دو برس کے دوران پہلی مرتبہ امریکی میدانوں پر ایکشن میں نظر آئی تھیں اور رواں ٹورنمنٹ کے پہلے مرحلہ کے مقابلے میں انھوں نے مقامی کھلاڑی جنیفر براڈی کو سخت مقابلے کے بعد 6-1 ، 4-6 ، 6-0 سے شکست دی تھی اور اِس مقابلے کے بعد اُمید ظاہر کی تھی کہ وہ سیزن کے آخری گرانڈ سلام یو ایس اوپن سے قبل بہتر مظاہرے کے لئے پُرعزم ہیں۔ شاراپوا نے اپنے زخم کے متعلق تفصیلات بتاتے ہوئے کہاکہ مجھے بائیں ہاتھ کی کلائی میں تکلیف محسوس ہورہی تھی اور گزشتہ روز ڈاکٹروں سے رجوع ہونے کے بعد اسکیان کیا گیا جس کی رپورٹ کی روشنی میں ڈاکٹروں نے مشورہ دیا کہ پھر ایک مرتبہ مکمل زخمی ہونے سے بہتر ہے کہ آرام کیا جائے۔