شارا پوا اور فیڈرر کی پیشقدمی وینس کو سارا ایرانی کے خلاف شکست

نیویارک۔30اگست ( سیاست ڈاٹ کام ) یو ایس اوپن میں کھیلے گئے مقابلوں میں کئی نشیب و فراز دیکھے گئے جیسا کہ لوسک برونی جنہوں نے 1999ء میں 17سال کی عمر میں ومبلڈن کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی تھی‘ اب پہلی مرتبہ یو ایس اوپن کے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے۔ چوتھے راؤنڈ میں ان کا مقابلہ ٹورنمنٹ کی 13ویں بہترین کھلاڑی اطالوی ٹینس اسٹار سارا ایرانی سے ہوگا جنہوں نے وینس ولیمس کو ایک انتہائی دلچسپ مسابقتی مقابلہ میں 6-0 ‘ 0-6 ‘ 7-6(7-5) سے شکست دی ۔ جبکہ برونی نے خطاب کی اور دعویدار کھلاڑی جرمنی کی انجیلک کربر کو راست سیٹوں میں 6-1 ‘ 7-5 سے شکست دی ۔ برونی 2013ء میں جونیئر زمرے کا ومبلڈن اور فرنچ اوپن خطاب حاصل کیا ہے اور اب وہ عالمی درجہ بندی میں 58ویں مقام پر فائز ہے۔ ایک اور مقابلہ میں سابق عالمی نمبر ایک ایلینا یانکووچ نے سوڈان کی جوہانا لارسن کو راست سیٹوں میں 6-1‘ 6-0سے شکست دی ۔ علاوہ ازیں سابق عالمی نمبر ایک روسی ٹینس اسٹار ماریا شارا پوا نے ایک اور جرمنی کی کھلاڑی سیبین لسیکی کو راست سیٹوں میں 6-2‘ 6-4کی شکست دیتے ہوئے چوتھے راؤنڈ میں رسائی حاصل کرلی ہے ۔ اس مقابلہ میں دونوں کھلاڑیوں کی جانب سے کافی ازخود غلطیاں دیکھی گئی جیسا کہ شارا پوا نے 32اور لسیکی نے 20 غلطیاں کی ۔ آئندہ مرحلہ میں شارا پوا کا مقابلہ چیک جمہوریہ کی لوسی سفاروا سے ہوگا

جنہوں نے فرانسیسی ٹینس اسٹار الیزکارنٹ کو تین سیٹوں پر مشتمل مقابلہ میں 6-3‘ 6-7(5-7) ‘ 6-4 سے شکست دی ۔ مرد زمرے کے مقابلوں میں خطاب کے سب سے مضبوط دعویدار راجر فیڈرر نے دوسرے راؤنڈ کے مقابلہ میں آسٹریلیا کے کھلاڑی سیم گرؤتھ کو راست سیٹوں میں 6-4‘ 6-4‘ 6-4سے شکست دی ۔ کامیابی کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے راجر فیڈرر نے کہا کہ مقابلے کے ختم ہوجانے کے باوجود میرا ہاتھ کانپ رہا ہے۔ فیڈرر کا اشارہ گرؤتھ کے 140میل فی گھنٹہ سے تیز رفتار سرویس کی سمت تھا کیونکہ مقابلہ کے دوران گرؤتھ کی ایک سرویس 225.31 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔ ڈیوڈ فیرر نے پانچ سیٹوں پر مشتمل سخت مقابلہ میں 6-3 ‘ 4-6‘ 6-2‘ 3-6 ‘6-3کے ذریعہ سلواکیہ کے مارٹن کلیزن کو شکست دی۔