شاراپوا کے مستقبل پر سوالیہ نشان

اسٹین فورڈ ۔4 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام ) روسی ٹینس اسٹار ماریا شراپوا کا کیریئر زخموں کے سمندر میں ڈوبنے لگا جو گزشتہ روز زخمی ہوکر اسٹینفورڈ اوپن کے بعد راجرز کپ سے بھی دستبردار ہو گئی ہیں اور ان کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔15ماہ کی پابندی کا سامنا کرنے کے بعد مکمل ردھم کے ساتھ مقابلوں میں حصہ لینے سے قاصر شارا پوا نے کہا کہ وہ راجرز کپ کا حصہ نہ بننے پر کافی مایوس ہیں تاہم سخت محنت کر کے ایک مرتبہ پھر ٹینس میدان پر ان کی واپسی ہو گی اور وہ حالیہ حمایت پر مداحوں کی شکر گزار ہیں۔

ہندوستان کو میکسیکو کیخلاف 5-1 کی شکست
میکسیکو سٹی ۔4 اگسٹ ۔( سیاست ڈاٹ کام ) فیفا انڈڑ 17 ورلڈ کپ کی ہندوستانی ٹیم کی تیاریوں کو ایک جھٹکہ لگا ہے کیونکہ 4 ممالک کے ٹورنمنٹ کے افتتاحی مقابلے میں قومی ٹیم کو میکسیکو کے خلاف 5-1 کی شکست برداشت کرنی پڑی ہے۔ حریف ٹیم نے مقابلے کے پہلے ہی منٹ میں پہلے گول سے سبقت بنالی جس کے بعد 23 ویں منٹ میں یہ سبقت دُگنی ہوگئی ۔ پہلے نصف میں میکسیکو کو 2-0 کی سبقت حاصل تھی جس کے بعد 53 ویں منٹ میں ہندوستان کیلئے امرجیت سنگھ نے گول بنایا ۔ 5 منٹ بعد حریف ٹیم نے یکے بعد دیگرے 2 گول بنائے جس کے بعد قطعی اسکور 5-1 رہا۔