شاراپوا کی سزا کم ، اپریل میں ٹینس کورٹ کو واپسی متوقع

لازین، 5 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) کھیلوں کی سب سے بڑی عدالت نے ڈوپنگ کے سبب پابندی کا شکار روس کی عالمی شہرت یافتہ ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا کی اپیل پر فیصلہ سناتے ہوئے ان کی سزا دو سال سے کم کر کے 15 ماہ کی کردی ہے۔ کھیلوں کی عالمی ثالثی عدالت کے اس فیصلے کی روشنی میں شاراپوا آئندہ سال اپریل میں فرنچ اوپن سے قبل ٹینس کی دنیا میں واپسی کر سکیں گی۔ ٹینس اسٹار نے اس فیصلے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’’ یہ میری زندگی کے خوشگوار ترین دنوں میں سے ایک ہے اور وہ ٹینس کی دنیا میں واپسی کی انتہائی شدت سے منتظر ہیں‘‘۔ شاراپوا نے مزید کہا: ’’مجھے ٹینس سے جنون کی حد تک لگاؤ ہے اور میں اسے (کھیلنے کا موقع) کھو چکی تھی، میں اب ان دنوں کا شدت سے انتظار کر رہی ہوں جب میں کورٹ میں واپس آسکوں گی۔ پانچ مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپئن اور سابقہ عالمی نمبر 1 روسی اسٹار کا رواں سال جنوری میں آسٹریلین اوپن کے دوران ممنوعہ دوا میلڈونیم کا ٹسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد ورلڈ ٹینس فیڈریشن نے ان پر دو سال کی پابندی عائد کردی تھی۔ شاراپوا نے اس ممنوع دوا کے استعمال کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ وہ پچھلے 10 سال سے میلڈونیم کا استعمال کرتی رہی تھیں اور اپنی غلطی پر مداحوں سے معافی مانگی۔