پیرس ۔ 27 مئی ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) ڈیفنڈنگ چمپین ماریا شاراپوا فرنچ اوپن کے تیسرے راؤنڈ میں نسبتاً آسانی سے پہونچ گئیں جس کیلئے انھوں نے آج یہاں ہم وطن روسی ویتالیا ڈیاچنکو کیخلاف 6-3، 6-1 کی جیت درج کرائی ۔ ماریا کیلئے اگلا راؤنڈ کچھ مشکل ہوسکتا ہے جہاں اُنھیں آسٹریلیا کی سامنتا اسٹوسر کا سامنا ہوگا ۔ ماریا نے آج کے مقابلے میں ابتداء کے کھیل میں سنبھلنے کیلئے کچھ وقت لیا مگر پھر اپنی 91 ویں رینک کی حامل حریف کو بہ آسانی شکست دیدی ۔ شاراپوا نے پہلا سٹ کچھ دقت سے جیتا لیکن دوسرے سٹ کیلئے صرف 35 منٹ لگائے جس میں انھوں نے غلطیاں بھی کم کئے ۔ اس دوران روجر فیڈرر بھی چند خامیوں کے سواء عمدہ کارکردگی پیش کرتے ہوئے اسپین کے مارسیل گرانولرس کو 6-2، 7-6(1) ، 6-3 سے ہراکر تیسرے راؤنڈ میں پہونچ گئے ۔ 17 مرتبہ کے سوئٹزرلینڈ سے تعلق رکھنے والے گرانڈ سلام چمپیئن کو اگلے راؤنڈ میں قبرص کے مارکوس بغداتیس یا بوسنیائی دمیر زمہور کا سامنا ہوسکتا ہے ۔ سکنڈ سیڈ سوئس اسٹار نے دوسرے اور تیسرے سٹ میں سرویس ڈراپ ضرور کی لیکن اُن کے حریف عالمی نمبر 57 مارسل اس کا خاطر خواہ فائدہ اُٹھانے میں ناکام رہے ۔ فیڈرر جنھوں نے 2012 ء میں ومبلڈن کے بعد سے کوئی میجر ٹائٹل نہیں جیتا ، انھیں آگے کے میچوں میں سنبھل کر کھیلنا ہوگا ۔