شاراپوا کو سوشیل میڈیا پر شائقین نے آڑے ہاتھوں لیا

نئی دہلی۔ 4 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق ماسٹر بلاسٹر سچن تنڈولکر کو نہ پہچاننے کا روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا کو شدید نقصان ہورہا ہے اور سوشل میڈیا پر سچن تنڈولکر کے شائقین نے نہ صرف ماریا شاراپوا پر شدید تنقید کی بلکہ اپنے غصے کا بھی اظہار کیا اس کے بعد عوامی سطح پر 5 مرتبہ کی گرانڈ سلام چمپیئن شاراپوا کی مقبولیت بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ یہ تنازعہ اس وقت شروع ہوا جب کرکٹ کے عظیم کھلاڑی ومبلڈن کے رائل باکس نے انگلینڈ کے سابق کپتان اینڈریو اسٹراوس اور انگلینڈ کے فٹبال کھلاڑی ڈیوڈ بیکھم کے ساتھ ہفتہ کو موجود تھے جہاں رپورٹر نے بعدازاں شاراپوا کو پوچھا کہ کیا وہ سچن تنڈولکر کو جانتی ہیں تو انہوں نے کہا کہ نہیں۔

شاراپوا کی جانب سے سچن تنڈولکر سے عدم واقفیت کو ماسٹر بلاسٹر کے شائقین نے اپنے پسندیدہ کھلاڑی کی توہین قرار دی اور شاراپوا کے فیس بک پر موجود صفحہ پر 50 ہزار سے زائد تبصرے تحریر کئے گئے جس میں شاراپوا کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے کے علاوہ بعض شائقین نے کافی سخت جملے بھی استعمال کئے ہیں۔ ایک شائق نے تحریر کیا کہ وہ ٹینس کے میدانوں میں ان کا (شاراپوا) کا مداح تھا لیکن سچن تنڈولکر کے متعلق انہوں نے جو ریمارک کیا ہے اس کے بعد وہ کبھی شاراپوا کے مقابلے نہیں دیکھے گا۔ کئی مداح نے شاراپوا سے معافی کا بھی مطالبہ کیا ہے ۔ واضح رہے سچن تنڈولکر ومبلڈن کے ساتھ جڑے رہتے ہیں اور انہوں نے راجر فیڈرر سے بھی ملاقات کی تھی جس پر فیڈرر نے انہیں کرکٹ کا ایک عظیم کھلاڑی اور ملاقات کو ایک بہترین موقع قرار دیا تھا۔