شاراپوا کتاب لکھنے اور باکسنگ سیکھنے میں مصروف

ماسکو 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) ماریا شاراپوا نے کہا ہے کہ وہ ڈوپنگ کی وجہ سے عائد ہونے والی پابندی اور اِس دوران ملنے والے فاضل وقت کو بیکار نہیں کررہی ہیں بلکہ وہ ہاورڈ یونیورسٹی میں تعلیم حاصل کرنے، کتاب لکھنے اور باکسنگ سیکھنے میں مصروف ہیں۔ سابق عالمی نمبر ایک اور 5 گرانڈ سلام خطابات حاصل کرنے والی روسی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا اپنی فٹنس کو برقرار رکھنے کے لئے باکسنگ رنگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کررہی ہیں۔ شاراپوا نے کہا ہے کہ باکسنگ نہ صرف فٹنس برقرار رکھنے کے لئے بہتر مشغلہ ہے بلکہ وہ جن لوگوں کو مکّہ بھی مارنا چاہتی ہیں اُن کے خلاف بھی ایک بہتر حکمت عملی ہوگی۔ گزشتہ برس آسٹریلین اوپن 2016 ء کے دوران میلڈونیم ادویات کے استعمال کی وجہ سے ان کا ڈوپ ٹسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد انھیں پہلے دو سال کی پابندی کا خدشہ تھا لیکن اُسے 15 ماہ میں تبدیل کردیا گیا ہے۔ شاراپوا کی ٹینس میدانوں میں واپسی اِن کی 30 ویں سالگرہ کے سات دن بعد ہوگی۔ تقریباً ایک سال کے فاضل وقت میں مصروفیت کے ضمن میں کئے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے شاراپوا نے کہاکہ انھوں نے کبھی سوچا نہیں تھا کہ اتنی طویل تعطیلات میں کن مشاغل کو اختیار کیا جائے لیکن انھوں نے اِس طویل وقت کا بہتر استعمال کیا ہے جیسا کہ ہوائی میں نیا سال منایا۔ لندن میں بحیثیت سیاح پہلی مرتبہ تفریح کی کیوں کہ ومبلڈن میں شرکت کے وقت انھیں سیر و تفریح کا موقع نہیں ملتا تھا۔ شاراپوا ہاورڈ بزنس اسکول میں اپنی تعلیم بھی مکمل کی ہے اور اِس دوران انھوں نے کئی کتابیں پڑھنے کے ساتھ اپنی زندگی پر بھی کتاب لکھی ہے۔ اِس کتاب کے متعلق شاراپوا نے کہاکہ پہلے یہ ستمبر میں انگریزی میں شائع کی جائے گی جس کے بعد روسی زبان میں اِس کا ترجمہ ہوگا۔