نیویارک، 31 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) روس کی ٹینس اسٹار ماریا شاراپوا ٹانگ میں زخم کے سبب سال کے آخری گرانڈ سلام ٹائٹل یو ایس اوپن ٹورنمنٹ سے دستبردار ہوگئی ہیں۔ روسی اسٹار کی دائیں ٹانگ میں چوٹ لگی ہے، جس کے باعث وہ ٹورنمنٹ نہیں کھیلیں گی۔ سوشل میڈیا پر جاری اپنے پیام میں شاراپوا نے کہا کہ انہیں افسوس ہے کہ وہ اس سال یو ایس اوپن ٹورنمنٹ میں حصہ نہیں لے سکیں گی۔ انہوں نے مزید لکھا کہ انہوں نے انجری سے بحال ہونے کی ہرممکن کوشش کی، لیکن ٹورنمنٹ سے قبل 100 فیصد فٹ ہونے کیلئے معقول وقت نہیں بچا۔ شاراپوا نے کہا کہ وہ جلد ہی اگلے ٹورنمنٹ میں نظر آئیں گی۔ ان کی دستبرداری کے بعد اس بات کے قوی امکانات ہیں کہ ٹاپ سیڈ سرینا ولیمز یہ یو ایس اوپن ٹورنمنٹ بھی جیت لیں گی۔