شادی کے نام پر مرد کو جھانسہ دینے والی عورت گرفتار

حیدرآباد۔/20اگسٹ، ( پی ٹی آئی) ضلع نیلور کی ایک شادی شدہ عورت کو پولیس نے گرفتار کرلیا جس نے بنگلور سے تعلق رکھنے والے ایک سافٹ ویر انجینئر کو شادی بیاہ کے لئے مخصوص ویب سائٹ پر چیاٹنگ کے دوران خود کو آئی ٹی انجینئر ظاہر کیا تھا اور جھانسہ دیتے ہوئے چار لاکھ روپئے ہڑپ لیا تھا۔ اونگول ٹاؤن 2 پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر وی سوریہ نارائنا نے کہا کہ اس عورت نے اے راج لکشمی کے نام سے ویب سائٹ پر اپنا پروفائیل پوسٹ کیا تھا اور خود کو چنائی میں واقع ایک بڑی آئی ٹی کمپنی میں سافٹ ویر ملازم کی حیثیت سے ظاہر کیا تھا اور کسی ہم خیال مرد کے ساتھ رشتہ ازدواج کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔ جس پر بنگلور سے تعلق رکھنے والے ایک سافٹ ویر انجینئر اشوک ریڈی نے اس کا پروفائیل دیکھنے کے بعد ای میل اور فون کے ذریعہ رابطہ پیدا کیا۔ سوریہ نارائنا نے مزید کہا کہ اس عورت نے اپنے ساتھ دیگر دو افراد کو رکھا تھا جنہوں نے خود کو اس کے والدین کی حیثیت سے پیش کیا۔ ان افراد نے اشوک ریڈی سے بات چیت کے بعد شادی سے اتفاق کرلیا۔ اس دوران راج لکشمی نے اشوک ریڈی سے چنائی کمپنی کو رقم ادا کرنے کے مقصد سے چار لاکھ روپئے دینے کی خواہش کی۔ جس پر اشوک ریڈی نے دو مرتبہ اس کے بینک کھاتوں میں 4لاکھ 20ہزار روپئے منتقل کیا تھا۔