نابالغ لڑکا گرفتار اور بچوں کی جیل منتقل
حیدرآباد /31 مئی ( سیاست نیوز ) شادی کے نام پر کمسن سے محبت اور پھر حمل ساقط کروانے کیلئے شادی شدہ جوڑا ظاہر کرنا ایک کمسن لڑکے کیلئے مہنگا ثابت ہوا ۔ ہاسپٹل کی اطلاع پر ایس آر نگر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے نابالغ لڑکے کو گرفتار کرلیا اور اسے جونائیل ہوم منتقل کردیا ۔ لڑکی اب شیشو وہار میں اپنے دن گذار رہی ہے ۔ جو 16 سال لڑکے کی باتوں میں آکر حاملہ بن گئی ۔ ایس آر نگر انسپکٹر محمد وحید الدین کے مطابق ایرہ گڈہ کے ایک خانگی ہاسپٹل کی اطلاع پر پولیس نے فوری اقدام کیا ۔ انہوں نے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ 16 سالہ لڑکا جو کہ پیشہ سے میستری نے 9 ویں جماعت کی طالبہ جو بابا سیلانی نگر میں رہتی ہے اس کو دھوکہ دیا ۔ لڑکا ہر دن لڑکی کے اسکول جاتا تھا اور اس کے ارد گرد چکر لگاتا تھا ۔ اس نے عاشقی اور محبت کے نام پر لڑکی کو اپنے جال میں پھانس لیا اور شادی کے نام پر لڑکی کو لیکر پارک و تفریح مقامات پر گھومنے لگا اور لڑکے نے ایک سے زائد مرتبہ لڑکی کا جنسی استحصال کیا ۔ اس دوران لڑکی حاملہ ہوگئی اور شادی کیلئے لڑکے پر دباؤ ڈالنے لگی ۔ لڑکے نے پہلے شادی کو ٹالنے کی کوشش کی پھر بعد میں لڑکی کے دباؤ کے آگے ایک اور نئی چال چلی اور حمل کو ساقط کروانے پر راضی کروالیا ۔ دونوں ایرہ گڈہ کے ایک ہاسپٹل پہونچے اور ہاسپٹل میں خود کو میاں بیوی ظاہر کیا ۔ تاہم ہاسپٹل انتظامیہ کو ان کی جانب سے بتائی گئی وجہ شبہ کا سبب بن گئی ۔ ان دونوں نے فی الوقت بچوں کی خواہش ظاہر نہ کرتے ہوئے حمل کو ساقط کرنے کی وجہ بتائی ۔ اس بات سے شبہ کا شکار ہاسپٹل انتظامیہ نے فوری پولیس ایس آر نگر کو اطلاع دی ۔ پولیس نے دونوں کو تحویل میں لیکر پوچھ تاچھ کی ۔ لڑکا پولیس کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا لیکن لڑکی نے تمام تفصیلات سے پولیس کو آگاہ کردیا ۔ پولیس نے لڑکے کو گرفتار کرتے ہوئے جونائیل ہوم اور لڑکی کو شیشو وہار منتقل کردیا ہے ۔